بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

توہین الیکشن کمیشن: چیئرمین پی ٹی آئی پر آج فرد جرم عائد ہونے کا امکان

چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس پر سماعت شروع ہوگئی ہے، جس میں عمران خان پر آج فرد جرم عائد ہوسکتی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اور توہین چیف الیکشن کمشنر کیسز کی سماعت جاری ہے، ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بنچ کیس پر سماعت کررہا ہے۔

توہین عدالت کیس میں آج چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف فرد جرم کی کاروائی عمل میں لائی جائے گی، اور فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری دونوں مختلف کیسز میں جیل میں ہیں، اور انہیں گزشتہ سماعت پر بھی پیش نہیں کیا گیا تھا، اور دونوں آج بھی پیش نہ ہوسکے، جب کہ اسد عمر ذاتی حیثیت میں کمیشن کے سامنے پیش ہوگئے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین اور فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری کمیشن کے سامنے پیش ہوگئے ہیں۔

فوا دچوہدری کےخلاف توہین الیکشن کمیشن و کمشنر کی سماعت
فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ ہمارے لئے تو کوئی رپورٹ بھی جاری نہیں ہوئی، فواد چوہدری کو بھی پیش نہیں کیا جارہا۔

ممبر کے پی کے نے کہا کہ فواد چوہدری اور دیگر ملزمان ایک ہی جیل میں ہیں۔ جس پر فیصل چوہدری نے کہا کہ باہر سے لگتا ہے کہ سب ایک جیل میں ہیں، اندر سے مختلف حصے ہیں۔

ممبر نثار درانی نے کہا کہ چلیں اس پر آرڈر جاری کرتے ہیں۔ کمیشن نے کیس کی سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کردی۔