اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے منحرف رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی خود کو بند گلی میں لے گئے ہیں اور انہیں پارٹی کی سربراہی بھی چھوڑنی پڑ گئی، انہوں نے جو سبق ہمیں سکھایا تھا خود بھول گئے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ بد نصیبی ہے کہ اپنے ہاتھ سے اپنے گھر کو آگ لگا دی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی خود کو بند گلی میں لے گئے ہیں اور انہیں پارٹی سربراہی چھوڑنی پڑگئی، جب کہ انتخابات پلیٹ پر رکھ کر نوازشریف کو دے دیئے گئے ہیں۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ہی تحریک انصاف ہے، اور تحریک انصاف ہی چیئرمین پی ٹی آئی ہیں۔ ان کی قیادت میں پوری پارٹی متحد تھی، لیکن اب بہت سارے دھڑوں میں تقسیم ہو چکی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی وہ سبق بھول گئے جو ہمیں سکھایا تھا، وہ کہتے تھے کہ اپنے فیصلے پر کھڑے رہو، تاریخی فیصلوں سے ملک تاریکی میں ڈوب رہا ہے، نوجوانوں کی سربراہی 80 سالہ شخص نہیں کرسکتا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ 9 مئی کو گولی چلتی تو کہا جاتا کہ اپنے لوگوں پر گولی چلائی گئی، 9مئی کے واقعات سے ملک میں بدامنی پیدا ہونی تھی، لیکن اداروں نے تحمل کا مظاہرہ کیا، اس تحمل کو کمزوری نہیں سمجھنا چاہئے تھا۔









