اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے سینئیر رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ شوکاز نہیں دیکھا پڑھ کر جواب دوں گا۔نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا بھی مہنگائی کے حوالے سے ریکارڈ خراب ہے،ن لیگ کے دور حکومت میں سب سے کم مہنگائی رہی ہے،ہمیں ایک مضبوط پلین کے تحت سامنے آنا ہے۔انہوں نے احسن اقبال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال نیشنل پرائس کنٹرول کمیٹی کے سربراہ تھے اور وہی مہنگائی کے ذمہ دار ہیں ، وہ کیسے بری الذمہ ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم دور حکومت میں ملک میں ریکارڈ مہنگائی ہوئی ہے ، مہنگائی پر قابو پانے کے ذمہ دار کوسامنے لانا چاہیے ۔
واضح رہے ن لیگ نے سابق وفاقی احسن اقبال کے خلاف بیان دانیال عزیز کو مہنگا پڑگیا، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے ،دانیال عزیز کو پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس ان کے 30 نومبر کے بیان پر جاری کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے دیے گئے شوکاز نوٹس میں دانیال عزیز سے 7 دن میں تحریری وضاحت مانگی گئی ہے۔
نوٹس کے متن میں کہا گیا کہ آپ نے پارٹی پالیسی کے خلاف بیان کیوں دیا؟ پارٹی آئین اس بات کا تقاضہ کرتا ہے ہر رکن پارٹی کے ڈسپلن کی پابندی کرے، آپ کا 30 نومبر کا بیان حقائق کے خلاف ہے، آپ نے غیر ذمہ دارانہ بیان سے پارٹی کی ساکھ کونقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
یاد رہے کہ 30 نومبر کو دیے گئے اپنے بیان میں دانیال عزیز نے مسلم لیگ ن اور پارٹی کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ احسن اقبال بلدیاتی حکومتوں کے بارے میں خود کو عقل کُل سمجھتے ہیں، انہیں مقامی حکومتوں سے متعلق تقریر جھاڑنے سے پہلے جواب دینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ احسن اقبال پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین تھے ریکارڈ توڑ مہنگائی پر قابو کیوں نہ پا سکے؟ اس نااہلی کی وجہ سے ہماری حکومت عوامی سطح پر مکمل ناکام ہوگئی تھی، ہماری پارٹی مسلم لیگ ن مہنگائی کو کم رکھنے کا بہت اچھا ریکارڈ رکھتی تھی۔
دانیال عزیز کا پارٹی کی جانب سے جاری شوکاز پر موقف سامنے آگیا








