لاہور:سابق وزیراعظم و صدر مسلم لیگ( ن) شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک کے مسائل کا واحد حل الیکشن کا بروقت انعقاد ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے قیاس آرائیاں ختم ہونی چاہئیں۔ مزید کہا کہ نواز شریف کیخلاف ہر سازش کو کچل دوں گا، جو نوازشریف کہیں گے وہی کروں گا۔ جہاں سے وہ ٹکٹ دیں گے وہیں سے الیکشن لڑوں گا۔
دریں اثنا یوم ثقافت سندھ (سندھ کلچر ڈے) پر اپنے تہنیتی پیغام میں شہبازشریف نے کہاکہ آج کے دن پوری دنیا میں سندھ دھرتی کے رنگوں کو روایتی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے۔
انہو ں نے کہاکہ سندھ میزبانوں، مہربانوں، درویشوں اور فقیروں کی سرزمین ہے، اجرک اور سندھی ٹوپی ہمارے سندھ کی خوبصورت علامات ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ آج کا دن صدیوں قدیم روایات اور ثقافتی اقدار کو یاد کرنے کا دن ہے، اللہ کرے پورے پاکستان کے ساتھ ساتھ سندھ کے اوطاق سدا آباد رہیں۔









