لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ لوگوں کو اپنی رائے دینے کا حق ہونا چاہیے، لوگوں سے ووٹ لینے جا رہے ہیں، اپنی جماعت کے کارکن کی آواز کو سننا چاہیے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں سعد رفیق نے کہا کہ دانیال عزیز ہمارے دوست ہیں، ان کو علاقائی سیاسی ایشو کو ٹی وی پر نہیں لانا چاہیے، کوئی شکایت ہے تو کریں، پارٹی لیڈر شپ موجود ہے۔
مفتاح اسماعیل سے ایم کیو ایم کے بعد پیپلزپارٹی کے رابطے سے متعلق سوال پر سعد رفیق نے کہا کہ مفتاح اسماعیل ہمارے دوست ہیں لیکن ان سے رابطہ نہیں ہے۔ جس طرح گھروں میں اختلاف رائے ہوتا ہے اسی طرح سیاسی جماعتوں میں بھی ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خود بہت اختلاف ہوتا ہے لیکن وہ آواز جماعت سے باہر نہیں آنی چاہیے۔ ہم پارٹی ڈسپلن کے پابند ہیں، جماعتوں کے اندر اختلافات ہوتے ہیں لیکن اندر کی بات اندر رہنی چاہیے باہر نہیں آنی چاہیے۔








