بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

غیر شرعی نکاح کیس: بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کے ملازم کا بیان قلمبند

چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے عدت میں نکاح کے خلاف کیس میں خاور مانیکا کے گھریلو ملازم نے اپنا بنای قلمبند کرادیا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت ہوئی، سول جج قدرت اللہ نے سماعت کی۔

بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کے گھریلو ملازم محمد لطیف نے اپنا بیان قلمبند کرادیا، جس کے بعد عدالت نے کیس کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر دلائل طلب کر لئے۔

عدالت نے کیس کی سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کردی۔

خاورمانیکا کی عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف درخواست
چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ کے سابق شوہر خاور مانیکا نے 25 نومبر کو مقامی عدالت میں دوران عدت نکاح پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف درخواست کی تھی۔

سول جج قدرت اللہ کی عدالت نے بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاورمانیکا کا بیان قلمبند کیا۔ درخواست میں خاور مانیکا نے کہا کہ بشریٰ بی بی سے 1989 میں نکاح ہوا، ہم دونوں خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے تھے۔

خاور مانیکا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مقیم ان کی سالی نے 2014 میں پی ٹی آئی دھرنے کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی سے متعارف کروایا جو پیری مریدی کی آڑ میں ہمارے گھر داخل ہوئے اور میری عدم موجودگی میں بھی کئی بار ہمارے گھر آئے۔

درخواست میں خاور مانیکا نے مؤقف اپنایا کہ کچھ عرصہ بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے ازدواجی زندگی میں مداخلت کی، اس دوران ذلفی بخاری بھی کئی مرتبہ عمران خان کے ہمراہ میرے گھر آئے۔