بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ن لیگ ٹکٹ ،شیخ آفتاب ،سہیل کمبڑیال ،طاہراقبال اورفرخ الطاف مضبوط امیدوار

اسلام آباد (وقائع نگار ) مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ میں اٹک، جہلم اور چکوال کیلئے ن لیگ کے امیدواروں کے انٹرویوز کئے گئے ، پارٹی قائد میاں نوازشریف ، صدر میاں شہبازشریف، مریم اورنگزیب، احسن اقبال، اسحاق ڈار اور دیگر ممبران نے انٹرویوز کئے، ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دینے والوں کو ٹکٹ دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے ، اٹک سے سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد، ملک سہیل کمبڑیال کو قومی اسمبلی جبکہ جہانگیر خانزادہ ،افتخار خان ،شاہ ویز خان ، چودھری شیر علی کو پنجاب اسمبلی کے ٹکٹ دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے ، چودھری شیر علی کے مقابلے میں کسی نے بھی درخواست نہیں دی ، شیخ آفتاب کے دو روایتی حریف ملک امین اسلم تحریک انصاف چھوڑ کر استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں جبکہ مضبوط امیدوار میجر(ر) طاہر صادق ابھی تک تحریک انصاف میں موجود ہیں مگر وہ منظر سے غائب ہیں اور اس بات کا امکان ہے کہ ان کی بیٹی ایمان وسیم الیکشن لڑیں گی، دوسری جانب چکوال تلہ گنگ کی دو قومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز بھی ہوئے ، چکوال سے سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالمجید ملک کے داماد میجر(ر) طاہر اقبال اور ان کے بیٹے قیصر مجید نے انٹرویو دیا جبکہ دوسری جانب سابق ضلع ناظم اور چکوال کی معروف سیاسی شخصیت سردار غلام عباس نے بھی ٹکٹ کیلئے درخواست دی ہے ، ن لیگ کے سینئر رہنما کے مطابق چکوال سے میجر(ر) طاہر اقبال کو ٹکٹ ملنے کا زیادہ امکان ہے کیونکہ 2018کے انتخابات میں انہوں نے سابق اسٹیبلشمنٹ کے دبائو کے باوجود ن لیگ سے علیحدگی اختیار نہیں کی اور انتخابات میں ایک لاکھ 30ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے تھے جبکہ سردار غلام عباس اپنے قریبی رشتہ داروں کے ہمراہ تحریک انصاف میں شامل ہوگئے تھے اور ان کے ایک قریبی عزیز پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر رہے ، تلہ گنگ کی نشست کے حوالے سے ابھی صورتحال واضح نہیں ہوئی ، تلہ گنگ سے مسلم لیگ (ق) کے ٹکٹ پر چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے چودھری سالک حسین کے ساتھ ن لیگ کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت جاری ہے اور زیادہ امکان یہی ہے کہ ایک فارمولے تحت یہ نشست ق لیگ کے پاس تھی اور ق لیگ نے عدم اعتماد کی تحریک میں شہبازشریف کا ساتھ دیا اور اس وقت وعدہ کیا گیا تھا کہ اس نشست پر ن لیگ اپنا امیدوار کھڑا نہیں کرے گی ، اس حلقے سے سابق ایم این اے منصور حیات ٹمن نے ن لیگ کا ٹکٹ حاصل کرنے کی درخؤاست دی ہے اور پارلیمانی بورڈ کو انٹرویو بھی دیا ہے ، جہلم کے حوالے سے یہ کہا جا رہا ہے سابق گورنر چودھری الطاف حسین کے صاحبزادے چودھری فرخ الطاف کو ن لیگ کا ٹکٹ دیے جانے کا امکان ہے ، چودھری فرخ الطاف 2018میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے اور عدم اعتماد کے وقت انہوں نے شہبازشریف کا ساتھ دیا تھا ، راجہ ریاض کے علاوہ میاں شہبازشریف اور پارٹی کے دیگر سینئر رہنما فرخ الطاف کو ٹکٹ دلوانا چاہتے ہیں تاہم سابق ایم این اے چودھری ندیم خادم کو ٹکٹ نہ ملنے کی اطلاعات پر وہ احتجاج کر رہے ہیں اور فرخ الطاف کے خلاف پورے حلقے میں بینرز لگائے گئے ہیں جبکہ ن لیگ کے ایک اور رہنما ماہر معیشت بلال کیانی بھی الیکشن لڑنے کے خواہشمند ہیں اور انہوں نے قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ صوبائی اسمبلی کی نشستوں کیلئے بھی درخواست دی ہے ، جہلم کے ایک اور اہم رہنما راجہ افضل مرحوم کے بیٹے راجہ اسد نے ن لیگ سے ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے کوئی درخواست نہیں دی۔