اسلام آباد(ممتازنیوز )نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ غیر قانونی تارکین وطن کو اپنے ملک واپس بھیجنے کے حوالے سے پاکستان پر تنقید بیرونی ممالک سے ہوئی،پاکستان میں تقریباً 20 ہزار ایسے افغان باشندے موجود ہیں جنہوں نے امریکی اتحادی فوج کے ساتھ کام کیا،افغانستان میں طالبان کی حکومت 15 اگست 2021ءکو قائم ہوئی، ان کا اپنا حال یہ ہے کہ وہ ابھی تک ان 20 ہزار افغانوں کو اپنے ہاں منتقل نہیں کر سکی،پیر کونجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ غیر قانونی تارکین وطن کے ساتھ دنیا میں جو سلوک ہوتا ہے، وہ سب جانتے ہیں،یونان میں جب غیر قانونی تارکین وطن ڈوب رہے تھے، انہیں بچانے کوئی نہیں آیا،غیر قانونی مقیم افراد کے حوالے سے پاکستان کا ریکارڈ دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت اچھا ہے،پاکستان میں لاکھوں کی تعداد میں افغان شہری قانونی طور پر موجود ہیں جنہیں صحت، تعلیم اور کاروبار سمیت تمام سہولیات میسر ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جن غیر ملکیوں کے پاس دستاویزات یا ویزے نہیں، ہم نے صرف ان کو اپنے ملک واپس جانے کو کہا،ہمیں یہ فیصلہ تو کرنا ہوگا کہ غیر ملکی پاکستان کے اندر کس حیثیت سے کتنی دیر قیام کر سکتے ہیں،غیر ملکی افغان شہری ہوں یا کوئی اور، وہ ویزے کے بغیر غیر محدود عرصے تک یہاں قیام نہیں کر سکتے۔
غیر ملکی افغان شہری ہوں یا کوئی اور، وہ ویزے کے بغیر غیر محدود عرصے تک یہاں قیام نہیں کر سکتے،مرتضیٰ سولنگی








