بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکی خاتونِ اول اور کینیڈین وزیراعظم ٹروڈو کے یوکرین کے اچانک دورے

کیف(نیوز ڈیسک)یوکرین میں جاری روسی حملوں کے دوران امریکی خاتون اول جل بائیڈن نے یوکرین کا غیر اعلانیہ دورہ کیا۔ اُنہوں نے اتوار کو مدرز ڈے کے موقع پر یوکرین کی خاتون اول اولینا زیلنسکی سے ملاقات کرکے اپنے دورے کا آغاز کیا۔

یہ دورہ امریکی سیاسی اور عسکری قیادت کے اعلیٰ سطحی دوروں کے سلسلے میں تازہ ترین پیشرفت ہے جن میں ہاؤس کی اسپیکر نینسی پیلوسی، سیکرٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن اور سیکرٹری دفاع لائیڈ آسٹن بھی شامل ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق خاتونِ اول جل بائیڈن نے بذریعہ سڑک سلوواکیہ سے یوکرین کی سرحد پر واقع گاؤں ازہورود تک کا سفر کیا جہاں انہوں نے یوکرینی خاتونِ اول  اولینا زیلنسکی سے ایک اسکول میں ملاقات کی۔ مذکورہ اسکول کو بے گھر یوکرینیوں کے لیے پناہ گاہ میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔

امریکی خاتون اول نے اس سے قبل ہفتے کے روز رومانیہ اور سلواکیہ کا دورہ بھی کیا تھا۔

اُدھر کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو بھی گزشتہ روز اچانک دورے پر یوکرین پہنچے۔ وزیراعظم ٹروڈو کے میڈیا عملے کے مطابق یہ دورہ یوکرینی عوام کے لیے کینیڈا کی غیرمتزلزل حمایت کی غرض سے تھا جس کے دوران اُنہوں نے صدر ولودیمیر زیلنسکی سے تفصیلی ملاقات کی۔

یوکرین کے شہر اِیرپن کے میئر الیکسینڈر مارکوشین نے فیس بُک پوسٹ میں لکھا کہ اُنہیں ابھی کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ملنے کا اعزازحاصل ہوا ہے۔ وہ اپنی آنکھوں سے یہ دیکھنے کے لیے اِیرپن آئے تھے کہ روسی قابضین نے شہر میں کیا خوفناک صورتحال پیدا کی ہے۔

میئر مارکوشین کے مطابق کینیڈین وزیراعظم نے جو کچھ دیکھا، اس پر وہ ہکا بکا رہ گئے۔ انہوں نے دیکھا کہ روسی حملوں میں صرف فوجی تنصیبات ہی نہیں بلکہ ان مکینوں کے گھر بھی مکمل طور پر جل کر تباہ ہو چکے ہیں جو کچھ عرصہ پہلے تک زندگی سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔