بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تحریک انصاف ورچوئل جلسے میں عمران خان کے خطاب کیلئے مصنوعی ذہانت استعمال ہوئی، عالمی میڈیا کا انکشاف

بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے انکشاف کیا ہے کہ اتوار کے روز تحریک انصاف کے ’ورچوئل‘ یا آن لائن جلسے کے دوران عمران خان کی تقریر کیلئے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا گیا اور لگ بھگ چار منٹ کا جو کلپ پی ٹی آئی کے حامیوں نے سنا اس میں عمران خان کی آواز ’اے آئی کلون‘ کی تھی۔

خبر رساں اداروں اے ایف پی اور روئٹرز کی جانب سے اس انکشاف کے بعد کئی سوالات پیدا ہوگئے ہیں۔

تحریک انصاف کے سوشل میڈیا عہدیدار جبران الیاس نے خود بھی یہ ویڈیو کلپ اتوار کے روز شیئر کیا تھا اوروضاحت کی تھی کہ یہ مصنوعی ذہانت سے تیارکیا گیا ہے۔

بظاہر اس کلپ کے شروع میں ایک جملہ عمران خان کی اصل ویڈیو سے لیا گیا جس میں وہ اپنے روایتی انداز میں آغاز کرتے ہیں۔ اس کے بعد اسکرین پر تصاویر اور پرانی ویڈیوز آجاتی ہیں اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ آواز شروع ہو جاتی ہے۔

انٹرنیٹ کی بندش کے باوجود سوشل میڈیا پر ’ورچوئل ریلی‘ میں اس آڈیو کلپ سے متعلق پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ عمران خان نے وکلاء کے ذریعے ایک شارٹ ہینڈ اسکرپٹ بھیجا تھا جسے آڈیو میں ڈھالا گیا۔

اگست 2023 سے سائفرکیس میں قید سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آڈیو فیس بک، ایکس اور یوٹیوب پر پی ٹی آئی کے حامیوں کی تقاریر پر مبنی 5 گھنٹے کی طویل لائیو اسٹریم کے اختتام پر نشر کی گئی جس میں عمران خان کی تاریخی فوٹیج اور تصاویر شامل تھیں۔

ورچوئل ریلی کو فیس بک، ایکس اور یوٹیوب پر 4.5 ملین سے زائد افراد نے دیکھا۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی پر ماضی میں سوشل میڈیا صارفین جعلسازی کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔ اتوار کے ورچوئل جلسے کے بعد بھی دعوے کیے گئے کہ دیکھنے والوں کی تعداد بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کیلئے پی ٹی آئی نے باٹس کا استعمال کیا۔

صحافی اور ٹی وی اینکر طلعت حسین نے کہا کہ ’پہلے انہوں نے اوپر آنے کیلئے بوٹس کا استعمال کیا اور اب وہ چاہتے ہیں کہ باٹس انہیں بچا لیں۔ ان کی دنیا حقیقی نہیں ہے۔’