سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق دائر درخواست کو نمٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن کو تمام شکایات پر فوری ایکشن لے کرحل انہیں کرنے کا حکم جاری کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق عدالت نے تمام انسپیکٹر جنرل (آئی جیز) کوپی ٹی آئی کارکنوں کوہراساں نہ کرنے کی ہدایت کردی۔
مقدمے کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق کی سربراہی میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل بینچ نے کی۔
تحریک انصاف کے وکیل نیاز اللہ نیازی عدالت میں پیش ہوئے، انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کوکاغذات نامزدگی جمع کرانے نہیں دیا جارہا ہے، پی ٹی آئی نے درخواست جمع کروائی ہے۔
قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق نے استفسار کیا کہ اگر آپ کا امیدوار اشتہاری ہو تو کیا ہوگا؟ جسٹس اطہر من اللہ نے دریافت کیا کہ کیا الیکشن کمیشن کو درخواست دی ہے؟ اس پر وکیل نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن کو بھی آ گاہ کر دیا ہے، ہماری درخواست سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔
جسٹس سردار طارق نے کہا کہ آپ کی درخواست رجسٹرار آفس ابھی مقررکر دیتا ہے، آج ہی درخواست سماعت کے لیے مقرر ہوگی، بعد ازاں سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل اور الیکشن کمیشن حکام کو بھی طلب کرلیا، عدالتی حکم پر اٹارنی جنرل سپریم کورٹ پہنچ گئے۔








