سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کوئی بھی شعبہ خواتين کی شرکت کے بغير نا مکمل ہے۔
نوابشاہ کے بختاور گرلز کیڈٹ کالج کی تیسری پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب میں بلاول بھٹو بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوئے جنہوں نے کالج کی ثقافتی تقریب کا افتتاح کیا، کیڈٹ کالج سے 57 طالبات پاس آؤٹ ہوئی ہیں۔
پاسنگ آوٹ پر پریڈ تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ کوئی بھی شعبہ خواتين کی شرکت کے بغير نامکمّل ہے، ملک کی تعمير و ترقّی میں خواتين کا اہم کردار رہا ہے۔
بختاور گرلز کیڈٹ کالج میں 300 طالبات زیر تعلیم ہیں، پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کیڈٹس، کالج عملے کو تعریفی اسناد پیش کی گئیں، اعزازی شمشیر کیڈٹ زینب ملک جب کہ قائد اعظم ایوارڈ کیڈٹ سورٹھ علی کو دیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے سائنس اینڈ آرٹس نمائش کا دورہ کیا اورکیڈٹس کے تیار کردہ مختلف سائنس پراجیکٹس اور فن پاروں کا مشاہدہ کیا۔









