بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی وی کے ایگزیکٹو پروڈیوسر عون عباس ساہی کی مدت ملازمت کا کنٹریکٹ منسوخ

اسلام آباد(ممتاز نیوز)پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی) کے ایگزیکٹو پروڈیوسر پی ٹی ورلڈ (انگلش چینل) عون عباس ساہی کی مدت ملازمت کا کنٹریکٹ منسوخ کر دیا گیا ہے ۔ اس ضمن میں ایم ڈی پی وی مبشر توقیر کی منظوری سے عون ساہی کو پی ٹی وی ملازمت سے برطرف کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن ڈپٹی کنٹرولر ایڈمن چوہدری ندیم اقبال کے دستخط سے جاری کر دیا گیا ہے ۔ عون ساہی کو عمران خان کے دور حکومت میں سابق اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی ہدایت پر کنٹریکٹ پر بھرتی کیا گیا تھا اوربعد ازاں ان کے پاس ڈائریکٹر کرنٹ افیئر اور ڈائریکٹر نیوز کا چارج بھی رہا ۔ گزشتہ ماہ پی ٹی وی کے ایک پروگرام میں پاکستان کے ایک قریبی دوست اسلامی ملک کے بارے میں غلط خبر نشر کرنے پر انہیں معطل کر دیا گیا تھا اور اس پروگرام کے اینکر کو بھی عہدے سے ہٹایا گیا ۔ نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی ہدایت پر ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے غلط خبر نشر ہونے اور دوست ملک کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈہ کرنے کی اس سارے معاملے کی تحقیقات کیں اور متعلقہ افسران کے بیانات لئے گئے جبکہ پروگرام کے ایک اینکر کا بھی بیان لیا گیا ۔ اس تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں ایم ڈی پی وی نے عون ساہی کا مدت ملازمت کا کنٹریکٹ منسوخ کر دیا ہے ۔ واضح رہے کہ عون ساہی کو سابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اس عہدے پرتعینات کرایا تھا اور بعد ازاں پی ڈی ایم کے دور حکومت میں بھی عون ساہی پی ٹی وی میں اہم عہدوں پر فائز رہے ۔