بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسرائیلی حملوں میں بچوں سمیت متعدد افراد شہید

اسرائیلی فوج نے خان یونس میں حملے بڑھا دیے جبکہ فلسطینی ہلال احمر کے اسپتال کے اطراف بھی اسرائیلی فوج نے شدید گولہ باری اور ڈرون سے فائرنگ کی۔

اسرائیلی فوج نے خان یونس کے گھر پر حملہ کیا جس میں 12 بچوں سمیت مزید 17 فلسطینی شہید اور 50 کے قریب زخمی ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیل کے ڈرون حملے میں 6 فلسطینی شہید ہوگئے جن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ تمام افراد عام شہری تھے۔

غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملے میں فٹبال کوچ بھی شہید ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی اسنائپر نے اسپتال کے پاس کھڑے نہتے فلسطینی کو گولی مار کر شہید کردیا جبکہ اسرائیلی فوج کی مغربی کنارے میں بھی چھاپا مار کارروائیاں جاری ہیں۔

غزہ میں ایک اور اسرائیلی فوجی ہلاک
رپورٹس کے مطابق غزہ میں ایک اور اسرائیلی فوجی افسر مارا گیا جس کے بعد غزہ میں اب تک ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 510 ہوگئی ہے۔

اسرائیلی فوج اور حزب اللّٰہ کے درمیان جھڑپوں میں اضافہ
دوسری جانب لبنان سرحد پر اسرائیلی فوج اور حزب اللّٰہ کے درمیان جھڑپوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

حزب اللّٰہ نے اسرائیلی فوجی پوزیشنوں پر 62 راکٹ فائر کیے جس میں سے بیشتر راکٹ اسرائیلی فوج نے مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیل اور لبنان میں مفاہمت کی کوششیں
علاوہ ازیں امریکا اور فرانس نے اسرائیل اور لبنان میں مفاہمت کی کوششیں تیز کردی ہیں۔

اس حوالے سے حزب اللّٰہ نے صاف جواب دے دیا ہے کہ غزہ کی جنگ ختم ہونے تک کسی سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔