اسلام آباد: پاکستان میں اتوار کی شام کو سوشل میڈیا سائیٹس تک رسائی ایک گھنٹے سے زائد بند ہونے کے بعد بحال ہوگئی ۔
اتوار کی شام کو ایک گھنٹے سے زائد تک فیس بک، ایکس (ٹوئٹر)، یوٹیوب اور ٹک ٹاک تک رسائی میں صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
ماضی کے برعکس اس مرتبہ صرف سوشل میڈیا کے بڑے پلیٹ فارمز کی سروسز ڈاؤن رہی تاہم انٹرنیٹ سروس اور براؤزنگ معمول کے مطابق چلتی رہی۔
ملک بھر میں سوشل میڈیا سروس کے ڈاؤن ہونے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی جس کے بعد صارفین نے سوشل میڈیا پر رسائی حاصل کرنے کے لیے وی پی این کا سہارا لیا۔
پاکستان میں انٹرنیٹ کے ریکولیٹر ادارے پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی کی جانب سے ابھی تک سوشل میڈیا سائیٹ کی بندش کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔
ابھی تک یہ بھی واضح نہیں کہ یہ سائیٹ کسی تنکنیکی خرابی کے باعث ڈاؤن ہے یا پی ٹی اے نے ان تک رسائی بند یا محدود کی ہے۔
تاہم دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ کے مطابق پاکستان میں اتوار شام 5 بجے کے بعد یوٹیوب، فیسبک اور ایکس کی سروس ڈاؤن ہونے کی رپورٹ سامنے آئی ہے۔
دوسری جانب سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامی ایک مرتبہ پھر سے حکومت پر اس بات کا الزام لگا رہے ہیں کہ ملک بھر میں سوشل میڈیا کی سروسز پی ٹی آئی کی وِرچوئل فنڈریزنگ ٹیلی تھون کے باعث ڈاؤن کی گئی ہیں تاہم ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں جا سکتی۔
اسی حوالے سے ایکس پر نیٹ بلاکس نامی ہینڈل نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں ایکس، فیسبک، انسٹاگرام اور یوٹیوب کی سروس سابق وزیراعظم عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی کی فنڈریزنگ ٹیلی تھون کے باعث ڈاؤن کی گئی ہے۔









