بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ اور ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کے مقدمے میں آج فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر مقدمے کی سماعت کیلئے اڈیالہ جیل میں موجود ہیں۔
پیر کو سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان میں اس مقدمے کی نقول تقسیم کر دی تھیں، تاہم شریک ملزمہ بشریٰ بی بی کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی تھی۔
بشریٰ بی بی کے وکلا کی طرف سے ایک دن کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی تھی جو کہ منظور کرلی گئی تھی۔
عدالت نے ملزمہ کے وکلاء کو ہدایت کی تھی کہ وہ منگل کو اپنی مؤکلہ کی عدالت میں حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ اس مقدمے کی کارروائی کو آگے بڑھایا جاسکے۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کو ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری دے رکھی ہے اس کے علاوہ اس مقدمے میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانتوں سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت بھی آج ہی ہوگی۔









