میرانشاہ: شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 104 سے آزاد امیدوار ملک کلیم اللہ سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ کے گاؤں تپی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں آزاد امیدوار ملک کلیم اللہ، مسرور اور محمد سخی شامل ہیں جبکہ لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملک کلیم اللہ نے پی کے 104 سے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، ملک کلیم اللہ کچھ عرصے قبل ایک بم دھماکے میں زخمی بھی ہوئے تھے۔








