بھارتی بحریہ نے کہا ہے کہ اس نے ایرانی ماہی گیری کی کشتی کو صومالیہ کے قزاقوں کے قبضے سے آزاد کروا لیا۔
نجی اخبار میں شائع خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ترجمان بھارتی بحریہ نے کہا کہ اس کے جنگی جہاز ’آئی این ایس سمترا‘ نے ایرانی کشتی ’النعیمی‘ پر موجود عملے کے 19 پاکستانی ارکان کو بحفاظت آزاد کروالیا، کُل 11 صومالی قزاقوں نے ایرانی جھنڈا بردار کشتی کے عملے کو یرغمال بنایا تھا۔
Indian navy warship rescues 19 Pakistani nationals from Somali pirates pic.twitter.com/CYcS3HQyLl
— The Times Of India (@timesofindia) January 30, 2024
بھارتی بحریہ کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صومالی قزاق ’اے کے-47‘ رائفلیں تھامے کشتی پر کھڑے ہیں، دوسری تصویر میں بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو اوپر منڈلاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
مزید تصاویر میں دیکھا گیا کہ کمانڈوز اندھیرے میں ماہی گیری کی کشتی پر سوار ہورہے ہیں اور پھر ایک تصویر میں قزاقوں کے ایک گروپ کے اوپر رائفلیں تان کر کھڑے ہیں جبکہ چند افراد گھٹنے ٹیک کر بیٹھے ہیں جن کے ہاتھ ان کی پیٹھ کے پیچھے بندھے ہیں۔
یہ ریسکیو آپریشن پیر کی رات صومالی ساحل پر بھارتی شہر کوچی سے تقریباً 850 ناٹیکل میل (ایک ہزار 574 کلومیٹر) دور مغرب میں ہوا۔
بھارتی بحریہ کی جانب سے یہ گذشتہ 36 گھنٹوں میں دوسرا ریسکیو آپریشن تھا، اس کارروائی سے قبل بھارتی بحریہ نے صومالی قزاقوں کے قبضے سے 17 ایرانی ماہی گیروں کو بھی بازیاب کروایا تھا۔









