بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے فیکٹر کے نام سے ڈیجیٹل ٹول متعارف

اسلام آباد: میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی کی جانب سے نیوز رومز کیلئے فیکٹر کے نام سے ایک ایسا ڈیجیٹل ٹول لانچ کیا گیا ہے جو غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی، پاکستان میں میڈیا، انفارمیشن لٹریسی، ڈیجیٹل رائٹس اور صحافیوں کی ٹریننگز کے حوالے سے کام کرنیوالی ایک سرکردہ میڈیا ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن ہے اور اب آرگنائزیشن نے ‘فیکٹر کے نام سے ایک ایسا ڈیجیٹل ٹول لانچ کیا ہے جو نیوز رومز کیلئے معلومات اور حقائق کی بہتر جانچ کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
فیکٹر نیوز رومز تک درست معلومات پہنچانے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مختلف ذرائع سے معلومات کو جمع اور تصدیق کرتا ہے، اس ٹول کو چلانے اور نیوز رومز تک حقائق پر مبنی معلومات کی بروقت فراہمی کیلئے میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی کی ٹیم مصروف عمل ہے۔
میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی کے ڈائریکٹر اور بانی اسد بیگ نے فیکٹر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ فیکٹر کو ڈس انفارمیشن کیخلاف نیوز رومز کے کام کو مزید بہتر کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے، غلط معلومات کے اس دور میں ہمارا بنیادی چیلنج فیکٹ چیکنگ آپریشنز اور نیوز رومز دونوں کی پائیداری ہے، اس وقت 10 سے زیادہ بڑے نیوز رومز فیکٹر کو استعمال کرنے کیلئے تیار ہیں اور ہمارا مقصد ان نیوز رومز ساتھ کام کرکے غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ معلومات کے غلط پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اور نیوز رومز کے درمیان پائیدار تعاون کو فروغ دینے کیلئے فیکٹر ایک ٹول اور پلیٹ فارم دونوں کے طور پر کام کریگا، فیکٹر نیوز رومز کیلئے حقائق کی جانچ کے عمل کو آسان اور بہتر بناتا ہے۔
اسد بیگ نے کے مطابق فیکٹر تصدیق شدہ، معتبر معلومات کی اشاعت کے ذریعے ویب ٹریفک اور ڈیجیٹل ریونیو کو بڑھانے کیلئے نیوز رومز کو فعال کرنے کے میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی کے طویل مدتی ہدف کے ساتھ بھی مطابقت رکھتا ہے، ہم اس سے پہلے بھی نیوز آرگنائزیشنز کے ساتھ کامیابی کے ساتھ اسی طرح کی شراکت داری کرچکے ہیں اور فیکٹر کے ذریعے اس شراکت داری میں توسیع کی کوشش کررہے ہیں۔
فیکٹر خصوصی طور پر نیوز رومز کو درست معلومات پر مبنی مواد فراہم کرتا ہے اور اس کی یہی خصوصیت اسے منفرد بناتی ہے، یہ ٹول اس وقت پاکستان کے 10 سے زائد قومی اور علاقائی نیوز رومز میں لگایا جاچکا ہے۔

اسد بیگ کے مطابق تکنیکی سطح پر فیکٹر میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی کی نگران ٹیم اور معتبر نیوز آرگنازیشنز کی مدد سے جمع کی گئی معلومات کی بنیاد پر کام کرتا ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غلط معلومات کی جانچ کیلئے ایم ایم ایف ڈی کی تیار کردہ ٹیکنیکل ٹول کٹ ٹرینڈز مانیٹر اور ڈیجیٹل تحقیقات کیلئے تیار کردہ طریقۂ کار کا استعمال کیا جارہا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ تجزیہ شدہ مواد کی مشتبہ معلومات، غلط معلومات (ایم ایم ایف ڈی نے جس کی جانچ کی ہے)، گمراہ کن معلومات (ایم ایم ایف ڈی نے جس کی جانچ کی ہے)، اور تصدیق شدہ معلومات کے طور پر درجہ بندی کی گئی ہے، اس کے ساتھ ساتھ فیکٹر نیوز رومز کو ایسی درست معلومات جو مختلف نیوز اور فیکٹ چیکنگ آرگنازیشنز نے شائع کی ہوئی ہیں، کے ساتھ بھی جوڑتا ہے، جسے نیوز رومز اپنے کام میں استعمال کرسکیں گے۔