نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ پرامن اور شفاف الیکشن کے لیے تمام وسائل بروئےکار لائے جا رہے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ ، وزارت اطلاعات کی پبلسٹی ونگ سے تعلق رکھنے والی عنبرین جان اور الیکشن کمیشن کے ترجمان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں 4 روز باقی ہیں، ، ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری ہے، شفاف الیکشن کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے لیے سیکیورٹی کو 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پولیس سب سے پہلے سیکیورٹی فرائض انجام دے گی، دوسرے حصے میں فرنٹیئر کارپس (ایف سی)، رینجرز سیکیورٹی دیں گے، تیسرے حصے میں پاک فوج کوئیک رسپانس پر ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کی 266 نشستوں پر انتخابات ہوں گے، انتخابات میں 12 کروڑ سے زائد شہری ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، انتخابات میں 20 لاکھ خواتین ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے، 6 کروڑ 90 لاکھ مرد، 5 کروڑ 90 لاکھ سے زائد خواتین ووٹرز رجسٹرد ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت عدالتوں کو کنٹرول نہیں کرتی، پاکستان آزاد ملک ہے ،سب کو تنقید کا حق ہے۔









