اسلام آباد: نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ صدرِ مملکت الیکشن کے بعد 21 دن میں اسمبلی کا اجلاس بُلا سکتے ہیں، اسمبلی کا اجلاس بلانے کی آخری تاریخ 29 فروری ہے، 29 فروری تک کسی بھی دن اجلاس بلایا جا سکتا ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شکایات کے ازالے کیلئے قانونی فورمز موجود ہیں، قانون کا عمل جاری رہنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی سے زیادتی ہوئی ہے تو اسے انصاف ملنا چاہیے۔
وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ بلوچستان حکومت مسائل حل کرنے کی کوشش کررہی ہیں، مجھے یقین ہے کہ لوگوں کی مشکلات دور ہوں گی۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وزارت پارلیمانی امور کی ذمہ داری بھی مجھ پر ہے، قانونی طور پر جب مناسب اجلاس طلب کیا جائے گا تو قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس کیلئے سمری پر میرے دستخط ہوں گے۔








