بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، وزارت عظمیٰ کے لیے حمایت مانگ لی

 

پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی ہے اور وزارت عظمیٰ کے لیے حمایت مانگ لی۔  جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کے وفد کا استقبال کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے وفد میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، عامر ڈوگر، بیرسٹرسیف، فضل محمد، عمیر نیزی سمیت دیگر شامل تھے۔
ملاقات میں جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے علاوہ انجینیئر ضیاالرحمان، سینیٹر طلحہ محمود، اسلم غوری، مفتی روزی خان، حافظ حمداللہ، صاحبزادہ اسجد محمود شامل ہوئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمیر نیازی نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان سے وزیراعظم کا ووٹ مانگنے آئے ہیں۔
واضح رہے کہ ماضی میں ایک دوسرے کی حریف سیاسی جماعتیں اچانک ہی قریب آ گئی ہیں اور دھاندلی کے خلاف ایک ہی موقف اپنایا ہوا ہے۔
مسلم لیگ ن کی حکومت میں اتحادی رہنے والے مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کے لیے نامزد مسلم لیگ ن کے امیدوار شہباز شریف کو صاف جواب دے دیا ۔
آج نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہاکہ عمران خان نے ہمیں تاکید کی کہ آپ نے پریس کانفرنس میں جے یو آئی کا ذکر لازمی کرنا ہے۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان نے بھی کہا ہے کہ تحریک انصاف اور ہماری سوچ میں فرق ہے، کوئی ذاتی لڑائی نہیں۔