اسلام آباد (ویب ڈیسک) سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عامر ڈوگر نے سپیکر کا انتخاب ہارنے پر کہا کہ فارم 45 کے مطابق الیکشن کا نتیجہ آتا تو میرے 225 ووٹ ہوتے۔
نجی ٹی وی سماء نیوز کے مطابق عامر ڈوگر کا قومی اسمبلی میں سردار ایاز صادق کے حمایتیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے آج 91 ووٹ نکلے ہیں اور آپ کے199، میں سنگل پارٹی ہوں اور آپ 7 پارٹیاں ہیں۔ 8 فروری کا الیکشن خاموش انقلاب تھا، اس دن عوام نے بانی پی ٹی آئی کے نظریئے اور جدوجہد کو ووٹ دیا۔ عوام نے بینگن، ڈھول اور جوتا جیسے نشانات کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر مہر لگائی۔ الیکشن میں عوام نے ہمیں 180سیٹیں دیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ اور آپ کی قیادت جانتی ہے فارم 47 کے ذریعے ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، قومی اسمبلی کی 80 نشستیں ہم سے چھینی گئیں مگر ہم چاہتے ہیں کہ اس ایوان کا حصہ رہیں اور اسے باوقار بنائیں۔ 180 اور مخصوص نشستیں ہوں تو آج پی ٹی آئی سب سے بڑی جماعت ہے۔