اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اپنے پرانے ساتھی اور جے یو آئی کے سربراہ کو منانے اُن کی رہائش گاہ پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں کی اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی تاہم جمعیت علما اسلام نے فوری حمایت پر جواب دینے سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف وفد کے ہمراہ مولانافضل الرحمان کو منانے کیلئے ان کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ قائد ن لیگ کے ساتھ احسن اقبال، اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ اور خواجہ سعد رفیق شامل تھے۔
مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف اور اُن کے ساتھ آنے والے وفد کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ اُن کی گاجر کے حلوے اور گڑ والی چائے سے تواضع کی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات دوحصوں میں ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے تقریبا آدھا گھنٹہ ون آن ون ملاقات کی جبکہ اس کے بعد دونوں رہنماء اس کمرے میں آگئے جہاں دونوں جماعتوں کے وفود بیٹھے تھے۔
وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئی جس مین جے یوآئی کی جانب سے مولانا غفور حیدری، گورنر کے پی غلام علی اور نورعالم خان بھی موجود تھے۔