اسلام آباد(طارق محمود سمیر )سپریم جوڈیشل کونسل نے سابق جج مظاہر نقوی کو مس کنڈکٹ کا ذمہ دار قرار دے دیا ہے اور انہیں ریٹائرمنٹ کی بجائے ملازمت سے
برطرف کرنے کی باضابطہ سفارش کر دی ہے اس ضمن میں وزارت قانون جلد ہی سپریم کورٹ کا فیصلہ منظوری کے لیے صدر مملکت کو بھجوائے گی ۔ جوڈیشل کونسل کے فیصلے میں جسٹس ریٹائرڈ مظاہر نقوی کو اختیارات کا ناجائز استعمال اور مس کنڈکٹ کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ مظاہر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ایک ریفرنس دائر کیا گیا تھا جس میں ان پر ایک نجی ہائوسنگ سوسائٹی سے پلاٹ حاصل کرنے سمیت دیگر مالی فوائد لینے اور سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی سے ہونے والی گفتگو کی مبینہ آڈیو لیک ہونے کے الزامات لگائے گئے تھے جب جوڈیشل کونسل میں یہ کارروائی شروع ہوئی تو مظاہر نقوی نے ان الزامات کا سامنا کرنے کی بجائے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا تاہم چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور کونسل کے دیگر ارکان نے ان کے خلاف کارروائی جاری رکھی ، جوڈیشل کونسل نے ججز کے کوڈ آف کنڈکٹ کی شق نمبر 5 میں ترمیم کر کے ایک ریٹائرڈ جج کے خلاف فیصلہ کیا ہے جو اپنی نوعیت کی ایک نئی مثال ہے کہ کسی ریٹائرڈ جج کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل نے فیصلہ دیا ہو۔ جوڈیشل کونسل کے فیصلے کے بعد اب مظاہر نقوی کو سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کے طور پر پنشن سمیت دیگر مراعات نہیں ملیں گی۔ سپریم کورٹ کے جج کی پنشن 10لاکھ اور دیگر مراعات ملا کر حکومت کے 15لاکھ خرچ ہوتے ہیں جبکہ سرکاری گاڑی ، ڈرائیور اور دیگر عملہ بھی دیا جاتا ہے۔بظاہر مظاہر نقوی کوبانی پی ٹی آئی عمران خان کی محبت لے ڈوبی اور میری عمر بھر کی ریاضتیں ہوئیں رائیگاں والا معاملہ بن گیا ہے۔دوسری جانب سیاسی محاذ پر دیکھا جائے تو الیکشن کمیشن کی طرف سے فارم 45اور 47ویب سائٹ پر جاری کرنے کے بعد تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل یہ بیانیہ بنا رہی ہے کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے اور فارم 47اور 45میں ٹمپرنگ کی گئی ہے ۔ اگر دیکھا جائے تو 2018کے الیکشن میں بھی اسی طرح کے الزامات عائد ہوئے ، سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف الیکشن ٹربیونل میں 25ہزار جعلی ووٹ پول ہونے کی تصدیق ہوئی لیکن سابق چیف جسٹس عطاء بندیال نے انہیں ساڑھے تین سال تک حکم امتناعی دیئے رکھا۔ تحریک انصاف احتجاجی تحریک چلانا چاہتی ہے اور اتوار کو ملک گیر احتجاج کی کال دی ہے ۔ احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا آئینی حق ہے لیکن یہ احتجاج قانون کے اندر رہ کر ہونا چاہئے کوئی احتجاج کو تشدد کا رنگ دے گا تو اس سے صورتحال خراب ہو گی ، پہلے ہی 9مئی کا ایک واقعہ تحریک انصاف کے گلے کی ہڈی بنا ہوا ہے اور اب تو عمران خان خود یہ کہہ رہے ہیں کہ 9مئی کے ملزمان کو سزا ہونی چاہئے اور ان پر بھی 9 مئی کی سازش کرنے کے کئی مقدمات درج ہیں اور تحریک انصاف کے کئی رہنما وعدہ معاف گواہ بنے ہوئے ہیں ۔ عدالتوں میں پراسس بہت سست روی کا شکار ہے ۔
مظاہر نقوی کیخلاف فیصلہ نئی نظیر ، عمران کی محبت لے ڈوبی








