پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رہنما رانا آفتاب کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت چاہ رہی ہے کہ جلدی سے حلف لے لیں، کیوں کہ عدالت میں کیس لگا ہوا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر اپوزیشن رہنما رانا آفتاب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران یہ بات کہی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس اس لیے آج بلوایا، تاکہ حلف دلوا کر کل ووٹ دلوایا جائے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، ہم ہاؤس کے اندر رہ کر احتجاج کریں گے۔
کیس کی سماعت کی وجہ سے اجلاس جلدی نہیں بلایا: اسپیکر
دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارکانِ اسمبلی کی سہولت کے لیے اجلاس بلانے کا وقت تبدیل کیا گیا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کل صدارتی الیکشن ہے، سوچا کہ نمازِ جمعہ سے پہلے اجلاس بلا لیا جائے، لاہور ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کی وجہ سے اجلاس جلدی نہیں بلایا۔
آج کے اجلاس کا وقت تبدیل
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا گیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح 9 بجے طلب کیا گیا ہے۔
اس سے قبل پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے طلب کیا گیا تھا۔
مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان کے حلف کے لیے آج پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔








