اسلام آباد(محمداکرم عابد) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور سابق صدرو پی پی پی پی کے چیئرمین آصف علی زرادری کے درمیان ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتمادکی کامیابی پر صدر عارف علوی کو گھر بھجوانے پر اتفاق۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور سابق صدرو پی پی پی پی کے چیئرمین آصف علی زرادری کے درمیان پیر کو اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں رہنماوں نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتمادکی کامیابی اور پی پی کی پی ڈی ایم میں واپسی پر تفصیلی بات چیت کی۔ملاقات میں خاص طور پر پارلیمنٹ میں ہر اہم موقع پر اپوزیشن کی پراسرار گمشدگی سے نمٹنے کیلئے بھی طے کیا گیا کہ اپوزیشن کی تمام پارلیمانی جماعتیں اپنے اپنے ارکان قومی اسمبلی کی حاضری کو یقینی بنائیں گی اور اس بارے میں جلد مشترکہ اجلاس بلا کر پارلیمانی قوت کا مظاہرہ کیا جائے گا دونوں رہنماو¿ں کے درمیان طے پایا جس اپوزیشن جماعت کے ارکان غیر حاضر ہونگے اس جماعت کے سربراہ کو ذمہ دار ٹہرایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی ، چیئرمین سینیٹ اور صدرمملکت کو بھی آئینی طریقے سے رخصت کرنے کے کیلئے بھی غیر معمولی معاملات پر مشاورت ہوئی۔ذرائع کا دعوی ہے کہ اپوزیشن کے ایک سرکردہ رہنما صدر بننے کی شدیدخواہش رکھتے ہیں اوروہ کچھ لواور کچھ دو کی بنیاد پر سودے بازی کی کوشش میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتہ پارلیمنٹ میں زبردست پارلیمانی سرگرمیوں اور جوڑ توڑ کا ہوگا۔ اپوزیشن کے تمام ارکان کو اسلام ا باد پہنچنے کے لئے بھی ہدایات جاری کردی گئیں۔صدرمملکت کی طرف سے 18 فروری کو بلایا گیا قومی اسمبلی کا اجلاس منسوخ ہونے کے بعد کسی بھی وقت قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جا سکتا ہے۔