اسلا م آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم شہبازشریف کو یورپین کونسل کے صدر چارلس مشیل نے ٹیلیفون کیا۔ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور وہ یورپی یونین کے رکن ممالک کےساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے ۔انہوں نے یورپی کمیشن کی صدر کےساتھ اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوطرفہ تبادلوں اور بڑھتے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ۔انہوں نے جی ایس پی کی سہولت سمیت یورپی یونین کے ساتھ طویل مدتی اور انتہائی مفید اقتصادی اور تجارتی تعاون کا بھی ذکر کیا ۔افغانستان کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان اہم ہے ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں انسانی اور معاشی بحران سے بچنے کےلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے ۔انہوں نے یوکرین کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جاری تنازع کے ترقی پذیر ملکوں کو اثرا ت مرتب ہوئے ہیں ۔انہوں نے اس معاملے پر پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی سنگین صورتحال کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان بھارت سمیت خطے میں امن کے فروغ کےلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کےحل کی ضرورت پرزوردیا جو خطے کے امن اور سلامتی کےلئے ناگزیر ہے ۔وزیراعظم نے یورپی یونین کونسل کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی ۔
خطے میں پائیدار امن کےلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ،وزیراعظم شہبازشریف








