اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے حکومت کی حمایت کرنے والے ق لیگ کے دوارکان قومی اسمبلی کے حکومت سے علیحدگی کے واضح اشارہ کے بعد اتحادی جماعتوں میں سخت بے چینی ،وزیراعظم شہبازشریف کی درخواست پر سابق صدر آصف زرداری ہنگامی طور پر چودھری شجاعت حسین کے پاس پہنچ گئے اور اتحادی حکومت جاری رکھنے کی درخواست کی ۔جمعرات کو چودھری پرویز الٰہی نے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ حکومت کی حمایت کرنے والے چودھری شجاعت کے صاحبزادے سالک حسین اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ کو جب چاہیئں گے واپس بلا لیں گے ۔واضح رہے کہ شہبازشریف حکومت اس وقت صرف ایک ووٹ کی عددی اکثریت پر قائم ہے جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد پی ٹی آئی کے منحرف ارکان بھی ان کے کسی کے نہیں رہیں گے ۔ ذرائع کے مطابق چودھری پرویز الٰہی کے اس دعویٰ سے اتحادی حکومت کو سخت پریشانی میں مبتلا کردیا اور چودھری شجاعت حسین سے فوری رابطے کی آصف زرداری کو ذمہ داری دی ۔ذرائع کے مطابق زرداری نے چودھری شجاعت حسین سے درخواست کی کہ وہ اس مشکل صورتحال میں ہمارا مکمل ساتھ دیں اور ہماری حکومت کےلئے کسی طرح کا کوئی مسئلہ پیدا نہ ہونے دیں ۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری چودھری شجاعت حسین کوئی واضح یقین دہانی حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے ۔چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ وہ معاملات خاص طور پر پنجاب کی صورتحال کو سامنے رکھ کر فیصلہ کریں گے ۔
پرویز الٰہی کا ق لیگ کے ارکان کی حکومت سے علیحدگی کا عندیہ ،زرداری ،شجاعت کے پاس پہنچ گئے








