نوشکی میں دہشت گردوں کے ہاتھوں جاں بحق افراد کی تدفین آج آبائی علاقوں میں ہوگی۔ گزشتہ روز کوئٹہ پولیس لائنز میں بھی نماز جنازہ ادا کی گئی تھی۔ سانحہ نوشکی میں قتل ہونے والے چھ افراد کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے بھی ہے، جہاں نوجوانوں کی تدفین کے لے قبروں کی کھدائی کا عمل جاری ہے۔
دہشت گردوں نے جمعہ کی شب کوئٹہ سے تفتان جانیوالی بس سے نو مسافروں کو اتار کر قتل کر دیا تھا۔ تمام لاشیں نوشکی کے پہاڑی علاقے میں پل کے نیچے سے ملی تھیں، مقتولین کے جسم کے مختلف حصوں پر گولیاں ماری گئیں۔
گزشتہ روز کوئٹہ پولیس لائنز میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میتوں کو آبائی علاقوں میں روانہ کیا گیا تھا۔ جاں بحق افراد کا تعلق منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ اور پنجاب کے دیگر علاقوں سے ہے۔
سانحہ نوشکی میں قتل ہونے والے چھ افراد کا تعلق منڈی بہاؤالدین کے نواحی گاؤں چک فتح شاہ سے ہے۔
اس کے علاوہ دہشت گردوں کی بربریت کا شکار ہونے والے واثق فاروق کا تعلق وزیر آباد سے ہے۔
گزشتہ روز نوشکی میں 9 افراد کے قتل کے افسوف ناک واقعہ کے عینی شاہد کے رونگٹھے کھڑے کر دینے والے بیانات سامنے آئے تھے۔







