اسلام آباد(ممتازنیوز)قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کی بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے نعرے بازی،سپیکرنے کورم ٹوٹنے پراجلاس غیرمعینہ مدت کےلئے ملتوی کردیا۔ پیرکو قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت 42 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔اجلاس کے آغاز پر پیپلزپارٹی کی آصفہ بھٹو نے قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیا۔ اس موقع پر’’زندہ ہے بی بی زندہ ہے‘‘ کے نعروں سے قومی اسمبلی ہال گونج اٹھا، ارکان اسمبلی نے آصفہ بھٹو کے پاس آکر مبارک باددی۔ ایوان میں شہداء اور مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے دعاکی گئی۔ اپوزیشن ارکان نے پوائنٹ آف آرڈر کے لئے بات کرنے کی اجاز ت مانگی تاہم پیپلز پارٹی کی جانب سے پوائنٹ آف پر بات کرنے کی اجازت کی مخالفت کی گئی ۔ اپوزیشن ارکان نے ’’ رہا کرو رہا کرو بانی پی ٹی آئی کو رہا کرو ‘‘ کے نعرے لگائے، حکومتی بینچز پر بیٹھے ارکان ایوان سے باہر چلے گئے ، جے یو آئی ف کے ارکان بھی ایوان سے باہر چلے گئے ، پیپلز پارٹی کے ارکان کی جانب سے کورم کی نشاندہی کردی گئی ۔بعدازاں کورم پورا نہ ہونے پرسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے نعرے بازی، اجلاس غیرمعینہ مدت کےلئے ملتوی







