اسلام آباد(ممتازنیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیرافضل مروت نے دعویٰ کیاہے کہ عمران خان کی حکومت گرانے میں سعودی عرب کا بھی ہاتھ ہے اور اس وقت جتنی بھی ایڈ آرہی ہے، یہ ساری اسی پلاننگ کا حصہ ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیرافضل مروت نے کہاکہ امریکہ اورسعودی عرب کے تعاون سے ہی رجیم چینج آپریشن ہوا تھا چنانچہ ہماری حکومت گرانے میں امریکہ کے ساتھ سعودی عرب کا بھی ہاتھ ہے یہ ایک اٹل حقیقت ہے ۔انہوں نے کہاکہ بنیادی طور پر جوبائیڈن کی حکومت پاکستان میں رجیم چینج چاہتی تھی لیکن چونکہ سعودی عرب ان کا ہمیشہ بغل بچہ رہاہے اورسعودی حکومت انہی کے اشاروں پرچلتی اور خطے میں ان کے مفادات کے لئے کام کرتی ہے،عمران خان پر یہ الزام بھی لگایاگیاتھااور سعودی ولی عہدشہزادہ محمدبن سلمان کے کان میں بھی یہ بات ڈالی گئی تھی کہ ایک کابینہ میٹنگ میں عمران خان نے ان سے متعلق نامناسب طرزعمل اپناچنانچہ رجیم چینج کا جوازبھی بنایاگیا۔
ادھر پاکستان تحریک انصاف نے رجیم چینج میں سعودی عرب کو ملوث قرار دینے کے پارٹی رہنما شیر افضل مروت کے بیان سے اظہار لاتعلقی کردیا۔ ترجمان پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب کے کردار سے متعلق شیر افضل مروت کے خیالات حقائق کے منافی ہیں اور پی ٹی آئی اس بیان سے مکمل اظہار لاتعلقی کرتی ہے۔
ترجمان کے مطابق تحریک انصاف اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سعودی عرب کو نہایت قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے باہمی احترام کا تعلق ہے۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ شیر افضل مروت کا مؤقف ان کی ذاتی رائے ہے جسے پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کی تائید حاصل نہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے بھی سعودی عرب سے متعلق شیر افضل بیان سے اظہار لاتعلقی کیا تھا۔
اپنے بیان میں زلفی بخاری نے کہا تھا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل موقع پر پاکستان کو ناکام ہونے سے بچایا ہے، بانی پی ٹی آئی اور پارٹی کی سعودی عرب کے بارے میں وہ رائے نہیں جس کا اظہار شیر افضل مروت نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی وجہ سامنے نہیں ہے سعودی عرب کی مداخلت کی بات پر یقین کیا جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی کے پروگرام میں شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب بھی ملوث تھا، سعودی عرب اور امریکا کے تعاون سے رجیم چینج آپریشن ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جتنی بھی سرمایہ کاری آ رہی ہے وہ اسی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے سعودی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
عمران حکومت گرانے میں سعودی عرب کا بھی ہاتھ،موجودہ ایڈ اسی پلاننگ کا حصہ ہے،شیرافضل مروت کا دعویٰ،پی ٹی آئی کا اظہارلاتعلقی








