اسلام آباد(ممتاز نیوز)پاکستان میں قازقستان کے سفیر YERZHAN KISTAFIN نے اسلام آباد میں پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن ہیڈ کوارٹرز میں ریڈیوپاکستان کے ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ سے ملاقات کی۔انہوں نے تعاون خصوصاً ریڈیو پروگراموں کی مشترکہ طورپر تیاری کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔قازقستان کے سفیر نے پاکستان کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے میں دلچسپی کااظہار کیا جس میں ریڈیوپروگراموں کے تبادلوں پرخصوصی توجہ دی جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل نے ریڈیوپاکستان کے ماہانہ جریدے میں تصاویر کے ذریعے قازقستان کی عظیم ثقافت اور فنون کی عکاسی کی تجویز دی۔انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ریڈیوپاکستان کے پلیٹ فارم کے ذریعے مشترکہ ورثے کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر زوردیا۔بعد میں ریڈیو پاکستان کے ساتھ ایک انٹرویو میں پاکستان میں قازقستان کے سفیر Yerzhan Kistafin نے تجارت اور توانائی کے شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعاون میں اضافے کیلئے علاقائی نقطہ نظر سے سڑک اور ریل کے حقیقی رابطوں کے قیام کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات ہیں اور دونوں ممالک ان برادرانہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لئے مختلف شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کررہے ہیں۔
سفیر نے کہا کہ اس تعاون کو مزید وسعت دینے کے لئے دونوں ممالک کے رہنما مذاکرات کے لئے باقاعدگی سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس میں شرکت کے لئے آستانہ آمد متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت مل جل کر پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعلقات فعال کرنے کے لئے کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارتی حجم گزشتہ برس دس کروڑ ڈ الر تھا جو بہت کم ہے اور اسے ایک ارب ڈالر تک بڑھایا جاسکتا ہے۔Yerzhan Kistafin نے کہا کہ ہم این ایل سی سمیت پاکستان کی بڑی لاجسٹک کمپنیوں کے ساتھ مل کر رابطہ کاری کی بہتری اور دوطرفہ تجارت میں اضافے کے لئے کام کررہے ہیں۔قازق سفیر نے کہا ہم زراعت، تعلیم کے ساتھ ساتھ ثقافت کے شعبے میں بھی تعاون میں اضافہ کررہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بارہویں بین الحکومتی مشترکہ کمیشن کا اجلاس گزشتہ برس آستانہ میں ہوا تھا جس میں فریقین نے زراعت پر مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات میں مزید اضافے کے لئے رواں برس وزراء کی سطح کا ایک اور اجلاس بلانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور سیکورٹی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک قانون نافذ کرنے والے اور سیکورٹی اداروں کے درمیان روابط بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔قازقستان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان ہمارے قدیم ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے کے لئے تعاون میں اضافے کے لئے بھی وسیع مواقع موجود ہیں۔سفیر نے کہا کہ ہم معلومات کے براہ راست تبادلے کے لئے ٹی وی، ریڈیو اور اخبارات سمیت ذرائع ابلاغ کی صنعت میں بھی تعلقات میں مزید اضافہ چاہتے ہیں جو تبدیل ہوتے ہوئے عالمی ماحول میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلومات کے تبادلے کے لئے براہ راست چینل کے قیام کی ضرورت ہے۔
پاکستان کی بڑی لاجسٹک کمپنیوں کے ساتھ مل کر دوطرفہ تجارت میں اضافے کے لئے کام کررہے ہیں،قازق سفیر








