بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فل کورٹ اجلاس کی اندرونی کہانی: عدلیہ میں کسی بھی مداخلت پر ادارہ جاتی رسپانس دینے کا متفقہ فیصلہ

اسلام آباد ہائیکورٹ کے فُل کورٹ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا تمام تجاویز متفقہ طور پر سپریم کورٹ کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کی جانب سے ایگزیکٹو کی عدلیہ کے معاملات میں مداخلت سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے خط کے معاملے پر سپریم کورٹ کو تجاویز دینے کے لیے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں فل کورٹ اجلاس ہوا۔
نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں عدالت عالیہ کے تمام ججوں، وفاقی دارالحکومت کے ایسٹ اور ویسٹ کے دو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں کی تجاویز پر غور کیا گیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں فل کورٹ اجلاس ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا، جس میں سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھنے والے 6 ججوں سمیت 8 ججوں نے شرکت کی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس طارق جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز اجلاس میں شریک ہوئے۔
اسی طرح خط پر دستخط نہ کرنے والے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی اجلاس میں شریک تھے۔
سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کی سماعت کے بعد ہائیکورٹ سے مانگی گئیں تجاویز کے لیے ہونے والے اجلاس میں تمام ججوں کی جانب سے آنے والی تجاویز پر غور کیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فُل کورٹ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدلیہ میں کسی بھی مداخلت پر ادارہ جاتی رسپانس دینے کا متفقہ فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے تمام تجاویز متفقہ طور پر سپریم کورٹ کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا، فُل کورٹ میں کسی بھی جج کی تجویز پر کوئی اختلاف سامنے نہیں آیا، تجاویز کا ڈرافٹ تیار کر کے مقررہ تاریخ سے پہلے سپریم کورٹ کو بھیجوایا جائے گا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ہائیکورٹ ججز پہلے ہی اپنی تجاویز جمع کرا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ 3 اپریل کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط پر سپریم کورٹ کے از خود نوٹس پر سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیے کہ عدلیہ کی خود مختاری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہوسکتا ہے آئندہ سماعت پر فل کورٹ تشکیل دے دیں۔
واضح رہے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے 7 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا تھا۔
25 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز نے ججز کے کام میں خفیہ ایجنسیوں کی مبینہ مداخلت اور دباؤ میں لانے سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھا تھا۔
یہ خط اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس سمن رفت امتیاز کی جانب سے لکھا گیا۔
ججز کے خط پر سپریم کورٹ نے دو فل کورٹ اجلاس منعقد کیے جن میں اس معاملے پر غور کیا گیا، بعد میں چیف جسٹس پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
اس ملاقات کے بعد 30 مارچ کو ایک رکنی انکوائری کمیشن بنانے کی منظوری دے دی گئی تھی، اور جسٹس (ر) تصدق جیلانی کو کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ اجلاس نے 25 مارچ 2024 کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 معزز جج صاحبان کی جانب سے لکھے گئے خط کے مندرجات پر تفصیلی غور کیا۔