بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

3 قومی اور 2 صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے متعلق انتخابی عزرداریوں پر فیصلہ محفوظ

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 3 اور صوبائی اسمبلی کے 2 حلقوں سے متعلق انتخابی عزرداریوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا جبکہ این اے 86 سرگودھا میں ن لیگ کے امیدوارسید جاوید حسنین نے اپنی شکست کو شیر سے مماثلت رکھتے انتخابی نشانات الاٹ کرنے کو قرار دیا۔
ممبر سندھ نثاردرانی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ انتخابی عذرداریوں پر سماعت کی جبکہ این اے 151 ملتان کی درخواست گزار مہر بانو قریشی اور کامیاب امیدوارعلی موسیٰ گیلانی کے وکیل پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل نے حلقے کے نتائج کالعدم یا ووٹ دوبارہ گتنی کرنے کی استدعا کی تو الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
این اے 86 سرگودھا میں ن لیگ کے امیدوارسید جاوید حسنین کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر بھی سماعت ہوئی۔
وکیل ن لیگ امیدوار نے مؤقف اپنایا کہ ریٹرننگ افسر نے جان بوجھ کر شیرکے نشان سے ملتے جلتے نشانات امیدواروں کوالاٹ کیے۔
الیکشن کمیشن کے پوچھنے پر وکیل نے بتایا کہ بھیڑ اور ریچھ کے نشانات شیر سے ملتے جلتے تھے جس سے 21 ہزار ووٹ دوسرے امیدوار کو مل گئے۔
ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ خدا کا خوف کریں بھیڑ اور ریچھ کے نشانات شیر سے کیسے ملتے جلتے ہیں؟ جس پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
الیکشن کمیشن نے این اے 164 سے ریاض پیرزادہ کی کامیابی کے خلاف درخواست پر بھی فیصلہ محفوظ کرلیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پی کے 28 شانگلہ اور پی پی 33 گجرات سے متعلق انتخابی عذرداری پر بھی فیصلہ محفوظ کیا گیا۔