بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیر اعظم کی صدر اسلامی ترقیاتی بینک سے ملاقات، منصوبے مکمل کرنے پر اتفاق

ریاض(ممتازنیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹرمحمد سلیمان الجاسر سے ملاقات کی اور پاکستان میں اسلامی ترقیاتی بینک کے جاری مختلف منصوبوں کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پرصدر اسلامی ترقیاتی بینک سے ملاقات کے دوران اپنے سابقہ دور حکومت میں اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے مختلف منصوبوں میں ایک ارب امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری پر اسلامی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کیا، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اسلامی ترقیاتی بینک کے پاکستان میں جاری مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔

محمد شہباز شریف نے پاکستان کی سیلاب کے بعد بحالی میں اسلامی ترقیاتی بینک کی معاونت کو سراہا اور اس حوالے سے ڈاکٹر الجاسر کے ذاتی تعاون اور قائدانہ کردار کو تسلیم کیا،ملاقات میں پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے ساتھ مفید شراکت داری ، تعمیرنو اور روزگار میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کے پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو صحیح خطوط پر استوار کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تمام خدشات کو دور کرنے اور ون ونڈو آپریشنز مہیا کرنے کے لئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پوری طرح سے فعال ہے ۔

ملاقات کے آخر میں صدراسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹرمحمد سلیمان الجاسرکا کہنا تھا کہ پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک کا بانی رکن ہے اور ایک انتہائی اہم ممبر ہے،اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بھرپور قدرتی و آبی وسائل سے نوازا ہے ، پاکستان کی بڑی افرادی قوت سے بھرپور طرح سے مستفید ہوا جا سکتا ہے ،پاکستان کی خوشحالی اور بہتری کے لئے دعا گو ہیں۔

ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری بھی موجود تھے۔