بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کان کھول کے سُن لو، الیکشن کا اعلان ہم نے کرنا ہے ، مارچ خونی نہیں ہونے دیں گے،مریم اورنگزیب  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی ‎وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان نے لانگ مارچ کے اعلان پر اپنے ردعمل میں انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کان کھول کے سُن لیں الیکشن کا اعلان ہم نے کرنا ہے ، چیخیں پیٹیں روئیں دھمال ڈالیں الیکشن کا فیصلہ حکومت اور اتحادیوں نے کرنا ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ الیکشن چاہئے تھا تو تب کرواتے جب اقتدار سے چمٹے ہوئے تھے اور اختیار رکھتے تھے الیکشن سے متعلق آپ کے پاس اب کوئی اختیار نہیں ہے ,‎چار سال ملک اور عوام کو لوٹنے والا 25 مئی کو پھر اسلام آباد لوٹ مار کے نئے ایجنڈے کے ساتھ آرہا ہے‎،عمران خان چار سال کی ناکامیوں، نااہلیوں اور کرپشن کی معافی مانگنے اسلام آباد آرہے ہیں ‎،چار سال میں معیشت کو دھڑن تختہ اور مہنگائی سے عوام کو غریب کرنے والا کیا کرنے آ رہا ہے ؟انہوں نے کہاکہ‎ آٹا چینی دوائی کھاد چوری کا کیا کرنے اسلام آباد آرہے ہیں،‎ڈالر 115 سے 189 پر پہنچانے والا اسلام آباد کیا کرنے آرہے ہیں،چار سال میں 45000 ہزار ارب کا قرض لینے والا اسلاآباد کیا کرنے آ رہا ہے،‎بدترین مہنگائی سے چار سال عوام کی چیخیں نکلوانے والا کس منہ سے اسلام آباد آرہا ہے،‎ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر کے جھوٹے وعدے کرنے والا اسلام آباد کیا کرنے آ رہا ہے،‎ 16 فیصد مہنگائی کرنے والا اسلام آباد کیا کرنے آ رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ 25مئی کو آئی ایم کے ساتھ بات چیت کا آغاز ہے اور عمران کا اعلان اِ س پہ نیا حملہ ہے۔قبل ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کرانے کا آئینی اختیار اب ہمارا ہے، جو مرضی کريں الیکشن تب ہوگا جب ہم چاہیں گے ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان حکومت ميں تھے تو اليکشن کيوں نہيں کرائے، کرسی سے اترتے اسمبلی تحليل کرکے عوام ميں آتے۔ان کا کہنا تھا کہ خونی مارچ کا اعلان کرکے آئيں گے تو ان کی بھول ہے کہ انہيں آنے ديا جائے گا، ہر وہ اقدام کيا جائے گا جس سے عوام کو ان کے شر سے بچايا جائے۔وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ہر آئينی طريقہ اپنائيں گے مگر مارچ خونی نہيں ہونے ديں گے، فوج کو بلانے کے ليے بھی مشاورت کريں گے۔مريم اورنگزيب کا کہنا تھا کہ یہ پُرمن احتجاج نہیں خونی مارچ ہے، ان کا ارادہ ہی ملک میں افرا تفری پھیلانا ہے، لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے مشاورت کریں گے۔