اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ راناثنااللہ نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے صورت حال اتحادی جماعتوں کے سربراہی اجلاس میں پیش کی جائے گی،دونوں طرح کی حکمت عملی موجود ہے،اگر انہیں روکنا ہوا تو اس کے لئے بھی کام ہوا ہوا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہاکہ اگر یہ فیصلہ ہوتا ہے کہ ان کو یہاں آنے دینا ہے تو اس کے لئے علیحدہ حکمت عملی موجود ہے۔انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ نوجوان نسل کو گمراہ کرناچاہتا ہے اسے روکا جانا چاہیے،میری نظر میں یہ فتنہ ہے فساد فی الارض ہے،اتحادی جماعتوں میں منجھے ہوئے سیاستدان ہیں ،وہ غور وفکرکے بعد جو فیصلہ کریں گے اس پر عمل ہوگاتاہم میری ذاتی رائے ہے کہ جہاں جہاں سے یہ آنا چاہتے ہیںانہیں وہاں سے ہی روکنے کے لئے انتظام کریں،یہ پچھلی بار بھی ہم نے کیا ایساکرنامشکل نہیںہے ۔وزیرداخلہ نے کہاکہ عمران خان پرامن رہنے کا کہتے ہیں مگران پر اعتبارنہیں ہے یہ یوٹرن کے ماسٹر ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان کی دھمکی میں آکر ہم کوئی فیصلہ نہیں کریں گے،آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاہدہ انہوں نے کیا ہم اس کی سزا بھگتنے کو تیار نہیں ہیں،اگر آئی ایم ایف کے ساتھ کسی نتیجے پر نہیں پہنچتے ہیں تو معاملات آگے چلانا مشکل ہو جائے گا چنانچہ اس صورت میں اتحادی آئندہ کا فیصلہ کریں گے۔اس سوال پر ہاتھ پاؤں باندھنے سے متعلق ان کے حالیہ بیان سے کیا مراد ہے راناثنااللہ نے کہاکہ جس طرح کے فیصلے حالیہ دنوں میں آئے ہیں جن میں افسران کی تبدیلی اور پنجاب حکومت سے متعلق فیصلے ہیں ان کے اثرات سب کے سامنے ہیں۔اس سوال پر کہ کیا اسٹیبلشمنٹ ابھی بھی نیوٹرل ہے رانا ثنااللہ نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد میں ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل نہیں ۔انہوں نے کہاکہ فتنے کو روکنے کے لئے جب ایجنسیز سے کہیں گے تو اس صورت میں اس سوال کا جواب مل جائے گا۔
لانگ مارچ ،دونوں طرح کی حکمت عملی موجودہے،فیصلہ سربراہی میٹنگ میں ہوگا ،راناثنااللہ








