اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ میں شرکت کو یقینی بنانے اور گرفتاریوں سے بچنے کے لئے جڑواں شہروں کی مقامی قیادت اور کارکنان کی کثیر تعداد راولپنڈی کے انتہائی قریب خیبر پختونخواکے علاقوں میں چلی گئی۔ گزشتہ کئی روز سے راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کارکنان اور مقامی قیادت کی گرفتاریوں کیلئے فہرستیں تیار کرنے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں جس کے پیش نظر گرفتاریوں سے بچنے اور آزادی مارچ میں شرکت یقینی بنانے کے لئے راولپنڈی اور اسلام آباد کی تنظیموں کے بیشتر عہدیداران اور ارکان اسمبلی بھی اپنے قریبی ساتھیوں سمیت کے پی کے ان علاقوں میں چلے گئے ہیں جو اسلام آباد اور راولپنڈی سے قریب ترین ہیں جن میں اٹک، نوشہرہ، بپی، جہانگیرہ، پشاور، مردان، صوابی اور رسالپور سمیت دیگر ملحقہ علاقے شامل ہیں۔ مقامی قیادت اور کارکنان کا کہنا ہے کہ کے پی میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے جہاں پر انہیں گرفتاریوں کا خدشہ نہیں اور وہ عمران خان کے ہمراہ مارچ میں شریک ہو کر اسلام آباد پہنچیں گے،ان کا کہنا ہے کہ حکومت جتنے مرضی ہتھکنڈے آزما لے ان کے حوصلے پست نہیں کر سکتی، عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اس حکومت کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
گرفتاریوں کا خدشہ،جڑواں شہروں کی پی ٹی آئی قیادت وکارکنان خیبرپختونخواکے علاقوں میں منتقل








