بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پیپلزپارٹی کا وفاقی کابینہ میں شمولیت کا امکان

اسلام آباد(وقائع نگار) صوبائی گورنرز کے تقرر کے بعد وفاقی کابینہ میں پیپلزپارٹی کی شمولیت کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں اور آئندہ چند روز میں وزیراعظم شہبازشریف اس ضمن میں پیپلزپارٹی کی قیادت اور صدر مملکت آصف زرداری سے بات کریں گے جبکہ پارٹی کے سینئر رہنمائوں نے اس معاملے پر مشاورت کےلئے سنٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس بلانے کی تجویز دےدی ہے ، پیپلزپارٹی کے 8 وفاقی وزراء اور چار وزرائے مملکت وفاقی کابینہ میں شامل کئے جائیں گے جبکہ سینیٹر روبینہ خالد کا نام پہلے ہی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن کےلئے جاچکا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف سے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی اہم ملاقات ہوئی تھی ، اس ملاقات کے بعد بلاول بھٹو نے پارٹی کے بعض سینئر رہنمائوں کو اعتماد میں لیا ، پیپلزپارٹی پنجاب کے اہم رہنما سید حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ وفاقی اور پنجاب کابینہ میں شمولیت کے حوالے سے پارٹی رہنمائوں میں بات چیت ہوتی رہتی ہے ، ابھی تک تو یہی فیصلہ ہے کہ پیپلزپارٹی کابینہ کا حصہ نہیں بن رہی تاہم پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلا کر مشاورت سے کابینہ میں شامل نہ ہونے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جاسکتی ہے ،اگر ایسا کیا گیا تو پھر مشاورت سے نام دیے جائیں گے ، اگر پیپلزپارٹی وفاقی کابینہ کا حصہ بنی تو پنجاب کابینہ کا حصہ بھی بنے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کےلئے پیپلزپارٹی سندھ ، بلوچستان اور پنجاب سے پارٹی کے سینئر رہنمائوں کے نام دے گی جبکہ دو سینیٹرز کے نام بھی کابینہ کےلئے دیے جائیں گے ۔