بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سرمایہ کاری کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی،مصدق ملک

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر پٹرولیم و فوکل پرسن پاک سعودی شراکت داری ڈاکٹر مصدق ملک نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری روابط کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں،باہمی تعلقات کو مزید سود مند اور مفید بنانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے،سرمایہ کاری کی راہ میں اب کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی،دونوں ممالک کے نجی شعبے مل کر آگے بڑھیں اور معاشی ترقی کے سفر میں ہمارا ہاتھ بٹائیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں اسلام آباد میں پاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری فورم 2024 کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں،ہمیں مل کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ہمارے پاس باصلاحیت نوجوان موجود ہیں جو ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں جبکہ اسی طرح سعودی عرب کی اسلامی اقدار پر مبنی فعال سوسائٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے حالیہ برسوں میں تیزی سے ترقی کی ہے، پاکستان کے پاس ہنر مند افرادی قوت کی کوئی کمی نہیں ہے،پاکستان کے ہنر مند اور ماہر افراد سعودی عرب کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور معدنیات سے مالا مال ہے جبکہ سعودی عرب میں تیل کے وسیع ذخائر ہیں۔پاکستان سعودی عرب کو اپنا بڑا بھائی سمجھتا ہے ،پاکستان کے عوام کا سعودی عرب کے ساتھ روحانی اور قلبی لگاؤ ہے، ہم سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات تجارتی اقتصادی اور سرمایہ کاری روابط کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں،گوادر کی بندرگاہ مستقبل میں پوری دنیا کے لیے تجارتی راہداری مرکز بننے جا رہی ہے۔ پاکستان میں سیاحت کے بھی بے پناہ مواقع ہیں، ہمارے شمالی علاقہ جات کے مسحور کن قدرتی مناظر اور خوبصورتی کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی ،حکومت سیاحوں کو ہر طرح کی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے،دونوں ممالک کے نجی شعبے مل کر سیاحت کے فروغ میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا ایک ایسا فورم موجود ہے جس کی وجہ سرخ فیتے کی رکاوٹیں اب ختم ہو گئی ہیں،اور سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولتیں اور آسانیاں فراہم کی جا رہی ہیں، اب ریڈ ٹیپ کی بجائے ریڈ کارپٹ کو متعارف کرادیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور حکومت کا عزم ہے کہ غیر ملکی یا مقامی سرمایہ کاری کی راہ میں اب کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کر کے ہی کاروبار کو فروغ دیا جا سکتا ہے اور اس سلسلے میں موجودہ حکومت بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ ہماری توجہ کا مرکز ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ نجی شعبہ ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرے۔ہم دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ مل کر آگے بڑھیں اور معاشی ترقی کے اس سفر میں ہمارا ہاتھ بٹائیں۔ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ہم شفافیت کو فروغ دے رہے ہیں ہر کسی کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع ملیں گے،صحت مند دانہ مسابقت کے لیے سازگار ماحول اور فضا کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارا بھائی چارے کا رشتہ ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے تعلقات مختلف شعبوں میں مضبوط سے مضبوط تر ہوں۔