بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دینے کا فیصلہ معطل

اسلام آباد(ممتازنیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کے حصے کی مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دینے کا پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا۔

سپریم کورٹ میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس میں عدالت نے وفاقی حکومت کی جانب سے 3 رکنی بینچ پر اعتراض مسترد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت جاری ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل 3 رکنی بینچ کیس کی سماعت کررہا ہے۔

مخصوص نشستوں پر نامزد خواتین ارکان اسمبلی اور وفاقی حکومت کی جانب سے بینچ پر اعتراض عائد کردیا گیا ۔ مؤقف اختیار کیا پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے تحت کیس 5 رکنی بینچ سن سکتا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے عدالت کو بتایا کہ اپیلیں لارجر بینچ ہی سن سکتا ہے تاہم عدالت نے بینچ پر اعتراض مسترد کر دیا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ اگر اپیلیں قابل سماعت قرار پائیں تو کوئی بھی بینچ سن لے گا، اس سٹیج پر تو2رکنی بینچ بھی سماعت کرسکتا ہے۔

واضح رہے کہ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے معاملے پر پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف جبکہ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کررکھی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دینے کا فیصلہ دیا تھا جسے پشاور ہائی کورٹ نے برقرار رکھا تھا۔