بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

10 مہینے سے ہمارے معاشی اہداف سب صحیح سمت میں ہیں، محمد اورنگزیب

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ 10 مہینے سے ہمارے معاشی اہداف سب صحیح سمت میں جا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں وزیر اطلاعات اور وزیر قانون کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سعودی وفد پاکستان آیا ہوا تھا، انہوں نے بڑے اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بزنس ٹو بزنس ان کے ساتھ بڑے اچھے مذاکرات ہوئے، اس کا پس منظر ہے کہ گزشتہ 10 مہینے سے ہمارے معاشی اہداف سب صحیح سمت میں جا رہے ہیں، تجارتی خسارہ بالکل قابو میں ہے، اسی طرح زرعی جی ڈی پی میں 5 فیصد مثبت نمو ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں، اور یہ 2 مہینے کی درآمدات کے لیے کافی ہے، اسی طرح کرنسی کی قدر مستحکم ہے، افراط زر بھی 38 فیصد سے کم ہو کر 17 فیصد پر آچکی ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ کچھ سرمایہ کار امریکا اور یورپ سے بھی آئے ہوئے ہیں، پچھلے 2 دونوں سے ملاقات کر رہا ہوں، ملک صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، آئی ایم ایف کی ٹیم بھی اس مہینے آئے گی، جس میں اسٹرکچرل اصلاحات بہت اہم ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹیکس کو بڑھانا ہے، انرجی کے شعبے میں اصلاحات کرنا ہے، اسی طرح سرکاری ملکیتی اداروں کے خسارے کم اور ان کی نجکاری کرنا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے اپنے اخراجات کو بھی کم کرنا ہے، اس کا ایک طریقہ یہ ہے کہ ہم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی طرف جائیں، میں ہمیشہ حکومت سندھ کی تعریف کرتا ہوں کہ انہوں نے بڑا اچھا ماڈل استعمال کیا ہے، اسے وفاق و دیگر صوبوں میں بھی استعمال ہونا چاہیے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنشن کا جو معاملہ ہے، یہ بہت بڑا بوجھ ہے، میں اسے دو نظریے سے دیکھتا ہوں، میں جس ادارے کو چھوڑ کر آیا ہوں، اس میں بھی ہم نے نجی شعبے میں پہلا قدم اٹھایا تھا کہ ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سے 65 سال کردی تھی، دوسرا یہ ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ ہمیں سروس اسٹرکچر میں تبدیلی کرنا ہوگی، ہمیں اس طرف لے جانا پڑے گا تاکہ پنشن کا خرچہ آہستہ آہستہ ہمارے قابو میں آئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق اس دفعہ یہ بھی ہدایت ہے کہ حکومتی سطح پر جو جو کام ہو رہے ہوں، وہ عوام سے شیئر کیے جائیں۔