بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سانحہ 9 مئی کو ملکی تاریخ میں ہمیشہ سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا،سپیکرقومی اسمبلی

 

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کی تاریخ کے سیاہ ترین واقعہ سانحہ 9 مئی کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر پاک فوج اور ان کے شہداء کے اہلخانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ پاکستانی قوم کو اپنی افواج اور ملک کی خاطر دی گئی قربانیوں پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری افواج کے شہداء نے ملک کی بقاء اور ملک سے دہشتگری کے خلاف جنگ میں جو لازوال قربانیاں پیش کی ہیں انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ شہداء زندہ قوموں کے ماتھے کا جھومر ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ 9 مئی کی ایک سال مکمل ہونے پر اپنے جاری بیان میں کیا۔
سپیکر نے کہا کہ 9 مئی 2023 کو جو کچھ ہوا اس پر پوری قوم آج بھی رنجیدہ ہے۔ ناعاقبت اندیش اور گمراہ افراد کی بدولت شرانگیز واقعات، توڑ پھوڑ اور جناح ہاؤس سمیت اہم فوجی تنصیبات پر حملہ ملک اور قوم کی بدنامی کا باعث بنا۔ کسی بھی مہذب معاشرے میں اس قسم کے شرپسند کارروائیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔9 مئی کو جناح ہاؤس پر سوچے سمجھے منصوبے کے تحت توڑ پھوڑ اور پاک افواج کے شہداء اور ان سے وابستہ یادگاروں کی بے حرمتی اور توہین کی گئی۔ 9 مئی جیسے اقدامات نے شہداء کے اہلخانہ کے زخموں کو دوبارہ سے تازہ کیا ہے جو کسی صورت مندمل نہیں ہو سکتے۔
سپیکر نے کہا کہ ملک کی خاطر جانوں کی قربانی دینے والے شہداء کے مزارات کی بے حرمتی کرنا نہایت شرمناک فعل تھا۔شر پسند عناصر جو ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانے کی کاروائیوں میں ملوث ہیں کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ قوم گواہ ہے کہ ان عناصر نے اس سے پہلے بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کو پستی کے گرداب میں پھنسانے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ قوم کا بچہ بچہ اپنی پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، اور ملک پر جب بھی کڑا وقت آیا تو پوری قوم اپنی پاک افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہو گی۔
اس موقع پر ڈپٹی سپیکر سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ آج کا دن ملک کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جب پاک افواج کے شہداء کی توہین، ان کی یادگاروں کو مسمار کیا گیا اور ملک کی تاریخی عمارت جناح ہاؤس کو نقصان پہنچایا گیا۔ 9 مئی میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچانے اور انہیں نشان عبرت بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج کی ملک کی خاطر دی گئی قربانیوں کو ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔