بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آزاد کشمیر کیلئے 23 ارب کی گرانٹ، عوامی ایکشن کمیٹی کا یقین کرنے سے انکار

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے لیے 23 ارب روپے کی گرانٹ دینے کے اعلان پر عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما شوکت نواز میر نے مظفر آباد سے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ ماضی میں بھی احتجاج ختم کرانے کے لیے زبانی کلامی وعدے کیے گئے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم سیاسی وعدوں پر اعتبار کر کے واپس نہیں جائیں گے، مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن نہ ملنے تک قافلوں کا رخ مظفر آباد کی طرف ہو گا۔

شوکت نواز میر نے مزید کہا کہ حکومت کی سنجیدگی کا یقین تب ہو گا جب مطالبات کے حل کا نوٹیفکیشن ہمارے پاس پہنچے گا۔

عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما نے یہ بھی کہا ہے کہ نوٹیفکیشن عوام کے سامنے پڑھ کر احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بجلی کے بلوں اور مہنگائی کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر میں پُر تشدد احتجاج کیا جا رہا ہے۔

پُر تشدد احتجاج پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس حوالے اعلی سطح کا اہم اجلاس طلب کیا جس میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود، وزیرِ اعظم انوارالحق اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کوحل کرنے کے لیے 23 ارب روپے کی فوری فراہمی کی منظوری دے دی۔