بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایس او ایز پالیسی 2023ء پر عملدرآمد کا جائزہ

وفاقی وزیرِ خزانہ اورنگزیب کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی کاروباری اداروں کا اجلاس ہوا ہے جس میں ایس او ایز پالیسی 2023ء پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔

وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ایس او ایز میں مالی اور آپریشنل کارکردگی کا متواتر جائزہ لیا گیا، اس حوالے سے متعلقہ وزارتوں کو 20 مئی تک اپنے متعلقہ ایس او ایز کی درجہ بندی کے لیے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی گئی، اقدام کا مقصد سرکاری شعبے میں تجارتی کام کو برقرار رکھنے کے جواز کا جائزہ لینا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری شعبے میں صرف ضروری کاموں کو برقرار رکھا جائے، باقی کام نجی شعبے کے حوالے کیا جائے، وہ ادارے جو سرکاری شعبے کے پاس ہیں انہیں زیادہ مسابقتی اور جوابدہ بنایا جائے، سرکاری اداروں کو شہریوں کی ضروریات کے لیے جوابدہ ہونا چاہیے۔

اجلاس میں فنانس ڈویژن کے سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ کا وفاقی ایس او ایز کی سالانہ مالیاتی رپورٹ پر جاری کام کا جائزہ پیش کیا گیا، ڈی جی سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ نے بتایا کہ تمام تجارتی اداروں کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے۔

اجلاس میں کمیٹی کو رپورٹنگ کی مدت کے دوران ایس او ایز کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیرِ خزانہ اورنگزیب نے ہدایت کی کہ کمپنیوں کی گورننس اور مالیاتی انتظام میں موجود متعدد خامیاں دور کی جائیں، بی او ڈیز کی خالی اسامیاں بلا تاخیر پُر کی جائیں، جن کمپنیوں کے اکاؤنٹس کا آزادانہ آڈٹ نہیں کرایا گیا وہ فوری آڈٹ مکمل کریں، بہتر کارکردگی کے لیے ایس او ایز کی تنظیمِ نو اور نج کاری کے ایجنڈے کو تیز کیا جائے۔

وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق ہدایت کی گئی ہے کہ سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ ایس او ایز پالیسی رپورٹ کو حتمی شکل دے اور شائع کرے، سرکاری اداروں کے اندر شفافیت، کارکردگی اور پائیدار ترقی کو فروغ دیا جائے، وسائل کے بہترین استعمال کو یقینی بنایا جائے۔