بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں پر حالیہ فیصلے کے بعد قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کا معاملہ فی الحال التواء کا شکار ہے ، عمر ایوب

اسلام آباد( اصغرچودھری) پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد نے صدر پی آر اے پاکستان عثمان خان کی قیادت میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سے انکے چیمبر میں ملاقات کی ملاقات میں پی آر اے پاکستان کے سینئر نائب صدر احمد نواز، سیکرٹری خزانہ اصغر چوہدری، سیکرٹری اطلاعات جاوید حسین، ممبرز گورننگ باڈی عائشہ ناز، نادر گرمانی نے شرکت کی۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سے ملاقات میں مختلف پارلیمانی امور زیر غور آئے جبکہ قانون سازی سے متعلق مختلف زیر غور بلز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی جانب سے پی آر اے پاکستان کے وفد کا خیر مقدم کیا گیا اور پی آر اے پاکستان کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ دو طرفہ امور پر بات کرتے ہوئے صدر پی آر اے پاکستان عثمان خان نے پی آر اے پاکستان کے ویژن اور آئندہ کی حکمت عملی پر بریف کیا۔ سیکرٹری اطلاعات پی آر اے پاکستان جاوید حسین نے پی آر اے پاکستان کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل پر بریف کیا جبکہ پی آر اے پاکستان کی جانب سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو پی آر اے ڈیجیٹل فورم پر صحافیوں سے مکالمے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اپوزیشن کے قومی اسمبلی میں لائحہ عمل پر روشنی ڈالی اور سیاسی حکمت عملی پر بات کی۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل رائٹس اتھارٹی کے قیام اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ سمیت آزاد اظہار رائے پر کسی بھی قسم کی ممکنہ قدغن کو مسترد کیا اور صحافیوں کے حقوق اور آزاد اظہار رائے میں شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے تصدق کی کہ سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں پر حالیہ فیصلے کے بعد قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کا معاملہ فی الحال التواء کا شکار ہے لیکن کوشش ہوگی کہ بجٹ اجلاس سے قبل بجٹ سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لئے اس عمل کو فوری مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف گفتگو کرنے سے اجتناب کرنے کے بانی پی ٹی آئی کی خصوصی ہدایات کو درست قرار دیا اور کہا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا سمیت تمام رہنماؤں کو اس حوالے سے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ عمر ایوب نے بتایا کہ سیاسی کمیٹی چیئرمین پی اے سی کے ناموں پر حتمی فیصلہ کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈرز عمرایوب نے بتایا کہ رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو شو کاز نوٹس جاری کیا گیا جسکا جواب انہوں نے جمع کروا دیا ہے، شیر افضل مروت کا جواب بانی پی ٹی آئی کو بھجوایا جائے گا اور وہی انکے جواب پر حتمی فیصلہ کریں گے۔اس موقع پر سیکرٹری خزانہ اصغر چوہدری، نائب صدر احمد نواز، ممبران گورننگ باڈی عائشہ ناز اور نادر گرمانی نے بھی اپوزیشن لیڈر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔