بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چینی کمپنی کی پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی، وزیر اعظم کا خیرمقدم

وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی کمپنی کی پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین نے پاکستان کی ہر برے وقت میں مدد کی جس پر مجھ سمیت پوری قوم چینی قیادت اور چینی عوام کی مشکور ہے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے چینی کمپنی ایم سی سی ٹونگسن ریسورسز کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ چینی کمپنی نے پاکستان میں معدنیات و کان کنی کے شعبے میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

چینی کمپنی نے پاکستان میں منرل پارک بنانے کے حوالے سے وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی اور مزید سرمایہ کاری کے منصوبے سے آگاہ کیا۔

شہباز شریف نے چینی کمپنی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

وزیرِ اعظم نے چینی کمپنی کو پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں کان کنی سے لے کر برآمدی اشیاء کی تیاری کیلئے سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافے کیلئے معدنیات نکالنے، ان کی پراسسینگ اور ان کی مصنوعات کو برآمد کرنے کیلئے سرمایہ کاری کو مکمل سہولت دی جائے گی۔

وزیرِ اعظم نے متعلقہ وفاقی وزراء اور افسران کو چینی کمپنی کے ساتھ مشاورت کی ہدایت بھی کی۔