بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کرغزستان سے پاکستانی طلبا کی وطن واپسی، پہلی پرواز لاہور ایئرپورٹ پہنچ گئی

لاہور:کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے پاکستانی طلبہ وطن واپسی کا عمل شروع ہوگیا، پہلی پرواز آدھے گھنٹے کی تاخیر سے 11 بجے لاہور ایئر پورٹ پہنچ گی۔
ابتدائی تفصیلات کے مطابق پہلی پرواز میں 30 پاکستانی طلبہ ہیں جو ہاسٹل سے باآسانی ایئرپورٹ پہنچ گئے جبکہ فلائٹ میں جگہ ہونے کے باعث انہیں باآسانی ٹکٹس مل گئے۔
پرواز کے اے 571 لاہور ایئرپورٹ پر ساڑھے 10 بجے لینڈ کرنا تھی لیکن اب آدھے گھنٹے کی تاخیر سے لینڈ کرے گی۔ علاوہ ازیں محسن نقوی لاہور ائیرپورٹ پر طلبہ کو ریسیو کریں گے۔
ادھر ایئر پورٹ مینجر نے بتایا کہ مسافروں کیلئے بین الاقوامی آمد لاونج میں الگ کاونٹرز بنا دیے گئے ہیں اور طلبا کی تیز ترین امیگریشن کیلئے ایف آئی اے کو بھی احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ کرغزستان میں پاکستانی طلبہ پر حملوں اورانہیں ہراساں کیے جانے سے متعلق ویڈیوز مںظرعام پر آنے کے بعد پاکستان میں موجود طلبہ کے والدین نے اپنے بچوں کی بحفاطت واپسی کا مطالبہ شروع کردیا تھا۔
کرغزستان میں وہاڑی سے تعلق رکھنے والے میڈیکل کے طالب علم عثمان شمشاد اوررضوان بشارت بھی ہاسٹلز میں محصور ہوگئے۔ طلبا نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی لوگ غیر ملکی طلبا پر ہاسٹل اور فلیٹس میں گھس کر تشدد کر رہے ہیں جبکہ میڈیکل کی طالبات کو ہراساں کیا جارہا ہے۔
بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی سفیر کو طلبہ کی ہر ممکن مدد کی ہدایت کی تھی۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ جو طلبہ واپس آنا چاہیں، حکومتی خرچ پر فوری واپسی یقینی بنائیں گے اور طلبہ اور والدین کے مابین روابط کیلئے سفارتخانہ ہر قسم کی معاونت فراہم کرے۔