بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بلوچستان کا مسئلہ مذاکرات سے حل کیا جائے، سیاسی رہنما

کراچی(ویب ڈیسک) نجی ٹی وی پر جرگہ کا خصوصی پروگرام کوئٹہ میں منعقدہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول کے موقع پر ریکارڈ کیا گیا۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سیاسی رہنمائوں نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ مذاکرات سے حل کیا جائے، سربراہ نیشنل پارٹی ڈاکٹر مالک بلوچ اور جنرل سیکرٹری پشونخوا ملی عوامی پارٹی عبدالرحیم زیارت وال نے کہا کہ آئین پر عملدرآمد ضروری ہے، اسی نے سب کو اکھٹا کررکھا ہے، صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ظہور بلیدی اور صوبائی حکومت کے ترجمان شاہد رند نے کہا کہ سیاستدان جھوٹ بولنا بند کریں، پورا سچ بولیں ۔ثناء اللہ مینگل نے کہا کہ وفاق ہر مسئلہ کا حل گھونسے میں ڈھونڈتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جیو نیوز پر جرگہ کے خصوصی پروگرام میں سربراہ نیشنل پارٹی ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے فیڈریشن کے ساتھ کبھی ٹھیک نہیں رہے ہیں، بلوچستان کی فیڈریشن میں نمائندگی کم ہے جبکہ بڑی پارٹیاں نمائندگی دیکھتی ہیں، بلوچستان کے ساتھ معاشی اور سیاسی زیادتیاں کی جارہی ہیں، بلوچستان کی حقیقی قیادت کو گراس روٹ لیول تک محدود رکھا گیا ہے، بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ عسکریت پسندی اور لاپتہ افراد کا ہے، وفاقی حکومت اور عسکری قیادت اس مسئلہ کو بات چیت کے ذریعہ حل کرے، 2002ء سے تاحال لاپتہ افراد کا مسئلہ بندوق کے ذریعہ حل کرنے کی کوشش ہورہی ہے جو ناممکن ہے، بلوچستان کے بڑے مسئلوں میں ایک کرپشن ہے،بلوچستان کے معدنی وسائل اور گیس کو بری طرح لوٹا گیا، گوادر پورٹ سے بلوچستان کو ایک پیسہ بھی نہیں ملتا ہے، ریکوڈک کے ساتھ کیا ہوا ہمیں ابھی تک معلوم نہیں ہے۔ڈاکٹر مالک بلوچ کا کہنا تھا کہ جب تک آئین پر عملدرآمد نہیں ہوتا اور ہر ادارہ اپنی حدود میں نہیں رہتا حالات ٹھیک ہونا بہت مشکل ہے، ہمیں ایک دفعہ پھر ووٹ کے حق کیلئے جدوجہد کرنا ہے، اس دفعہ بلوچستان میں الیکشن نہیں آکشن ہوئے تھے، بلوچستان اور پاکستان کے مسائل کا حل جمہوریت میں ہے، 1973ء کے آئین کو نہیں مانا گیا تو ہم نئے سوشل کانٹریکٹ کی بات کرنے پر مجبور ہیں۔